آپ کو مختلف شجرہ سادات میں
سید امیر کبیر قطب الدین محمد الحسنی الحسینی المدنی الکَدوِی
بھی لکھا گیا ہے۔
آپ تیرہویں صدی عیسوی کے ابتدائی دور کی ایک اہم علمی، روحانی اور مجاہدانہ شخصیت کے مالک تھے۔
پیدائش: 581ھ / تقریباً 1185ء
وفات: 3 رمضان 677ھ / 1278ء
وفات کے وقت سلطان غیاث الدین بلبن کا عہد تھا۔
آپ کا مزار شریف کڑہ (Karra)، ضلع کوشامبی، اتر پردیش، ہندوستان میں موجود ہے۔
ہندوستان آمد
روایتی سوانح کے مطابق حضرت قطب الدین محمد مدنیؒ کا تعلق مدینہ منورہ سے تھا اور وہ غزنی اور دہلی کے راستے ہندوستان تشریف لائے۔
ملایا یونیورسٹی ملائیشیا کے ایک علمی مقالے جو سید ابو الحسن علی حسنی ندوی کے خاندانی پس منظر پر لکھا گیا، ان کے خاندان کی ہندوستان آمد امیر سید قطب الدین محمد المدنی (581–677ھ) سے منسوب ہے، جو بغداد اور غزنی کے راستے ہندوستان آئے۔
ہم تک جو خاندانی تفصیلات بزرگوار دادا جی حضور، سید مقصود علی رحمتہ اللہ علیہ اور ماموں صاحب، سید محمد فرقان رحمتہ اللہ علیہ کی بدولت پہنچی ان میں بھی اس سفر کی نسبت مزید آگے
جیلان ← بغداد ← غزنی ← دہلی ← کڑہ/مانک پور
تک بیان کی گئی ہے۔
یہی کڑہ بعد میں ان کی خانقاہی، علمی اور خاندانی شناخت کا اہم مرکز بنا۔
حضرت قطب الدین مدنیؒ کی ہندوستانی زندگی کا سب سے اہم مقام کڑہ مانک پور تھا۔
قدیم ہندوستان میں کڑہ اور مانک پور گنگا کے کنارے ایک اہم سیاسی و تہذیبی خطہ تھا۔
خاندانی شجروں اور دیگر ساداتِ قطبیہ کے تذکروں کے مطابق حضرت قطب الدین مدنیؒ نے یہاں قیام کیا اور دینی تعلیم، اصلاح اور روحانی تربیت کا سلسلہ قائم کیا۔
امیر کبیر قطب الدین ایک عالم، فقیہ اور روحانی شخصیت کے حامل تھے۔ مؤرخین نے آپ کو
صاحبِ علم • فقیہ • ولی • زاہد • مجاہد
اور حکمرانوں کی اصلاح و رہنمائی کرنے والی شخصیت کے طور پر بیان کیا ہے۔
اکثر مؤرخین، کڑہ مانک پور میں علومِ شریعت کے فروغ میں حضرت قطب الدین مدنیؒ کا اہم کردار بیان کرتے ہیں۔
روایات کے مطابق آپ اپنے رفقاء اور مجاہدین کے ساتھ کڑہ اور مانک پور کے علاقے میں آئے اور وہاں قیام کیا۔ کڑہ کی مکمل فتح کے بعد آپ نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ جو لوگ واپس اپنے گھروں کو جانا چاہیں، جا سکتے ہیں، مگر ان کے رفقاء نے ان کے ساتھ کڑہ ہی میں رہنے کو ترجیح دی۔